اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سعودی عرب کے الوطن اخبارنے ایک اعلی سفارتکار کے حوالے سے رپورٹ ميں کہا ہے کہ یمن میں سعودی سفارتخانے کو، صنعاء میں مکمل امن وامان کی برقراری تک بند کردیا گيا ہے اور اس سفارتخانے کے تمام 50 ملازمین، صنعا چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں مظاہرین کو منتشرکرنے کے لئے سکیورٹی فور سز کے حملوں کے باوجود حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں جس سے یمن میں صورت حال بحرانی ہے ۔ کل صنعا اور ایئر پورٹ کی طرف جانے والی سڑک پر قدرے سکون قائم ہوا تاہم مظاہرین پر سیکورٹی فورسز کے حملوں کی وجہ سے یمن کے حالات خطرناک مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں ۔اس وقت بہت سے بین الاقوامی صحافتی حلقوں نے یمن کے بحران میں شدت پیدا ہونے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ یمن کے بعض گروہوں نے مظاہرین کے خلاف سیکورٹی فورسز کے تشدد آمیز اقدامات کی مخالفت کا اعلان کر دیا ہے ۔حکومت کے اتحادی الناصر گروہ نے اس سلسلے میں پریس کانفرنس منعقد کرنے اور کسی بھی پرامن مظاہرے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف یمن کے وکلا بھی مظاہرین کے ساتھ شامل ہیں اور انھوں نے مظاہرین کی سرکوبی اور یمنی حکام کے خلاف شکایت داخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲